پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 95 ویں سالگرہ پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقاد

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےکہا ہے پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں ، علاقائی امن اور سلامتی کے لیے پاک چین شراکت کی اہمیت بڑھتی جارہی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 95 ویں سالگرہ پر جی ایچ کیو میں تقریب کا انعقادکیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے، تقریب میں چینی سفیر نونگ رونگ سمیت چینی سفارتی حکام نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جو ہر آزمائش پرپورےاترےہیں، ہمارا ماضی اور حال گواہ ہےکہ کسی چیلنج سے نہیں گھبرائے۔آرمی چیف نے چین کےدفاع ،سلامتی اور قومی تعمیر میں پیپلز لبریشن آرمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ایل اے اورپاک فوج ایک دوسرے کے بھائی ہیں، ہمارے تعلقات مشترکہ مفادات کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پاک چین تعلقات کا اہم جز ہیں، چین، پاکستان آہنی بھائی، تمام موسموں کےدوست اور اسٹریٹیجک پارٹنر ہیں۔