پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ

راولپنڈی:پاک فوج کے سربرا ہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی سینٹ کام کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام کے ساتھ ساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی دلچسپی کے شعبے میں تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر امید ہیں۔ دونوں شخصیات نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔کمانڈر یو ایس سینٹ کام نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔