موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے نئے اور مربوط موسمیاتی مالیاتی آلات ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے، شیری رحمٰن

اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی کوششوں کے سلسلے میں نئے اور مربوط موسمیاتی مالیاتی آلات ڈیزائن کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصفانہ ماحولیاتی فنانسنگ مستقبل میں ماحولیات کے حوالے سے موافقت اور پائیدار منصوبوں کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی اے آئی پاکستان کے کلائمیٹ فنانس ایکسلریٹر (CFA) پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے اپنے خطاب میں ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لئے منصفانہ مالی امداد کی فوری ضرورت کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سرحدی حدود کی پابند نہیں۔ترقی یافتہ ممالک کی جانب سے بڑے پیمانہ پر گیسوں کا اخراج ماحول کو شدید متاثر کر رہا ہے۔پاکستان میں اس ماہ مون سون کے بہت سارے المناک جانی نقصانات ہوئے ہیں، اور موسم کسی کے قابو میں نہیں ہوسکتا، صرف ہمارے ردعمل کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جبکہ جنوبی ایشیا میں غیر معمولی موسمیاتی واقعات کا سامنا ہے، یورپ اور امریکہ کو اب انتہائی درجہ حرارت کا سامنا ہے، لیکن یہ اب بھی اس سے دس ڈگری کم ہیں جو ہم یہاں برداشت کر رہے ہیں۔ اگرچہ ماحولیاتی بحران ہمارے دروازے پر دستک پر موجود ہے موثر حکمت عملی پر عملدرآمد سست روی کا شکار ہے۔صرف پاکستان کو توانائی کی ہموار منتقلی کے لیے 101 بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے زور دیا کہ کلائمیٹ فنانس کو بلیو بانڈز سمیت دیگر قابل عمل اقدامات کے ذریعے فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سی کمپنیاں محض اپنی آلودگی کو گرین واش کر رہی ہیں جبکہ ان کے حوالےسے موثر حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ نجی شعبہ ایک اہم فریق ہے اور اسے اپنے ڈی کاربنائزیشن کے اقدامات کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھنا چاہیے۔بدقسمتی سے دنیا اس نقصان کا اندازہ لگانے میں ناکام رہی ہے جو کئی دہائیوں سے کاربن سے بھرپور طرز زندگی کے باعث ہوئے ہیں۔یہ وقت ہے کہ چھوٹے پائلٹ منصوبے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں ہیں، ہمیں بڑے پیمانے پر نئے اقدامات کی ضرورت ہے جو موسمیاتی مالیات میں اختراعات پر توجہ مرکوز کریں۔مالیات کی منصفانہ تقسیم اور جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اس سلسلے میں ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے اور مربوط موسمیاتی مالیاتی آلات ڈیزائن کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منصفانہ ماحولیاتی فنانسنگ مستقبل میں تخفیف، موافقت اور پائیدار منصوبوں کی تعمیر کے لیے اہم ہے۔