لکی مروت پولیس کے 2 شہید اہلکار سرکاری اعزاز کیساتھ سپرد خاک

لکی مروت:لکی مروت کے علاقے آگری خانزاد خیل کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں زبیر اور لطف الرحمان کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،مادر وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوتوں کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی جس میں ڈی پی او لکی مروت شہزادہ عمر عباس بابر،ایس پی انوسٹی گیشن شفیق خان وزیر، ایس پی ایف آر پی ستار خان خٹک، پاک آرمی کے افسران، عمائدین علاقہ اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔اس موقع پر پولیس اور آرمی افسران نے شہداء کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعائیں کیں۔ بعد میں ان کے جسد خاکی آبائی علاقوں کو روانہ کردیئے گئے، کانسٹیبل زبیر کو گائوں زنگی خیل اور لطف الرحمان کو گائوں کٹہ خیل میں واقع قبرستانوں میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔