جامعہ کوہاٹ کے 12 واں کانووکیشن کا انعقاد، طلباء میں اسناد تقسیم

کوہاٹ:کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا 12واں کانووکیشن منعقد ہوا جس میں گریجویشن کرنے والے طلباء کو مجموعی طور پر 405 ڈگریاں، 102 گولڈ میڈلز اور پروفیسر ڈاکٹر محمد داؤد اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ یار کو بیسٹ ٹیچر ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی تھے، ایم پی اے ضیاء اللہ خان بنگش، ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس، ایم پی اے مدیحہ نثار، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید تسلیم حسین، رجسٹرار ڈاکٹر طارق جان، کنٹرولر امتحانات جناب بہادر خان، ڈین فیکلٹی آف بائیولوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شاہد نیاز، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نصیر الدین، اراکین سینیٹ، سنڈیکیٹ، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے کہا کہ جامعہ کوہاٹ تحقیقی اور معیاری تعلیم کے حوالے سے علاقے کی صف اول کی یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے .کسٹ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے تاکہ اعلیٰ ترین معیار تعلیم کی فراہمی بغیر کسی مالی رکاوٹ کے کمیونٹی کو دی جا سکے. پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے مزید کہا کہ امسال 6700 سے زائد طلباء مختلف انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگراموں میں داخلہ لے چکے ہیں ۔ KUST، ہنگو کیمپس اور الحاق شدہ کالجوں میں طلباء کی تعداد میں پائیدار اضافہ ہوا ہے اور حال ہی میں کسٹ نے تعلیمی سال 2021-22 کے دوران ریکارڈ داخلہ حاصل کیا ہے۔ داخلوں میں کا اضافہ ہوا ہے کیونکہ نئے مارکیٹ پر مبنی تعلیمی پروگرامز اور سیلف سپورٹ پروگرام شروع کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں یونیورسٹی میں ریونیو جنریشن میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ جامعہ کوہاٹ ان چند یونیورسٹیوں میں سے ایک ہے جن کا بجٹ بہت زیادہ ہے اور وہ اپنے تمام ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کرنے میں کامیاب ہو چکی ہے ، جبکہ خیبرپختونخوا کی کسی اور یونیورسٹی نے اب تک یہ تدریسی الاؤنس فراہم نہیں کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمارا مقصد اپنے طلباء کو تعلیمی طور پر موثر، سماجی طور پر ذمہ دار اور فکری طور پر نتیجہ خیز شہری اور دنیا کے بننے میں مدد کرنا ہے۔کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شہریار خان آفریدی نے کہا کہ جامعہ کوہاٹ بہت تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور اس ترقی کی وجہ یونیورسٹی کے اہم شعبے، انڈرگریجویٹس اور گریجویٹ سطحوں میں ٹیکنالوجی کے مطابق مزید پروگرامز اور کورسز متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے ساتھ وفادار رہیں اور اپنی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے مہمان خصوصی شہریار خان آفریدی، ضیاء اللہ خان بنگش، مدیحہ نثار اور ڈاکٹر سمیرا شمس کو سووینئر پیش کیا.