دنیا میں سوشل میڈیا کی اہمیت بڑھ گئی ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد : وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے پر عمل کرتے ہوئے مصدقہ اور بروقت خبر عوام تک پہنچانا اور غیر مصدقہ خبروں کا قلع قمع کرنا مہذب، ذمہ دار اور جمہوری معاشرہ کی اقدار ہیں اور ایسے ذمہ دار معاشروں میں میڈیا پر پابندیاں نہیں لگتیں، مختلف یونیورسٹیوں کے ابلاغیات کے شعبوں سے وابستہ تعلیم یافتہ نوجوان میڈیا کا حصہ بننے جا رہے ہیں، ان کی درست سمت تعلیم و تربیت اور انہیں قومی بیانیہ سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے، میڈیا معلومات کے تبادلہ کے ذریعے عملی سوچ پیدا کرنے اور حکمت عملی مرتب کرنے میں مددگار ہوتا ہے اور حکومت، سول سوسائٹی اور قومی سلامتی سے جڑے اداروں میں رائے سازی کی راہ ہموار کرتا ہے، پاکستان پیس کولیکٹو نے دہشت گردی اور انتہاءپسندی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دینے میں بروقت کلیدی کردار ادا کیا ہے، گلوبل ویلج میں تبدیل ہوتی دنیا میں سوشل میڈیا کی اہمیت بڑھ گئی ہے، تربیتی کورس کے میڈیا کے معمار جدید آلات اور سوشل میڈیا کے ذریعے ان کشمیری نوجوانوں کے جذبات اور احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیس کولیکٹو کے زیر اہتمام دہشت گردی، انتہاءپسندی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دینے کیلئے خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کے ذرائع ابلاغ کے شعبوں کے طلباءکی تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔