اسلامی تعاون تنظیم وزرا خارجہ اجلاس میں اسلامو فوبیا قرارداد پر عملی اقدامات کے بارے بات ہو گی، حافظ طاہر محمو داشرفی

لاہور:چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمو داشرفی نے کہا ہے کہ الحمدللہ آج پورے ملک کے اندر اسلامو فوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ میں جو قرارداد منظور ہوئی ہے اس پر یوم تشکر منایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد پاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم وزراء خارجہ کے اجلاس میں پیش کی تھی اور اس میں طے کیا گیا تھا کہ اس کو متفقہ طور پر تمام اسلامی ممالک اسلامی تعاون تنظیم کے تعاون سے پاکستان یو این او میں پیش کرے ، جب پاکستان نے یہ قرارداد پیش کی تو اسلامی تعاون تنظیم کے علاوہ روس، چین اور دیگر کئی ممالک نے بھی اس کی تائید کی۔حافظ محمد طاہر محمو داشرفی نے کہا کہ اسلامو فوبیا ہے کیا ،یہ جاننا بھی ضروری اورآپ دیکھتے ہیں کہ ہر چند ماہ بعد رسول اللہ ﷺکے خاکے بنائے جاتے ہیں،کبھی مسجدوں کے باہر گندگی پھینک دی جاتی ہے ، کبھی داڑھی اور کبھی حجاب کے حوالے سے مسائل آتے ہیں،ابھی بھارت میں ایک عدالت نے حجاب کے حوالے سے فیصلہ دیا تو یہ سارے وہ مسائل ہیں جن کے تدارک اور خاتمے کیلئے یہ قراردادلائی گئی تھی ۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ تمام عالم اسلام نے اس پر پاکستان کا ساتھ دیا،یہ مسئلہ پوری امت کا مسئلہ ہے ،کسی حکومت یا فرد کا نہیں ، پاکستان نے اس میں پہل کی ہے اور اللہ تعالی نے ہمیں کامیابی دی ہے،آج پورے ملک کے اندر خطبات جمعہ میں علما و مشائخ اور عوام نے اس پر اللہ کا شکر ادا کیا ہے ، حکومت ، وزارت خارجہ اور جو بھی اس میں شریک ہوا اس کا شکریہ ادا کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی آغاز ہے، ان شا اللہ عملی اقدامات بھی سامنے آئیں گے ، اسلام کو دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ساتھ جوڑا جاتا ہے یا مسلمانوں پر جو مسائل آتے ہیں وہ ختم ہوں گے اور اس کے خاتمے کی طرف آگے بڑھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس 22 مارچ کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے ،آج بروز ہفتہ سے ہمارے مہمان آنا شروع ہو جائیں گے اور 24 مارچ تک یہاں موجود رہیں گے، پاکستان کا عظیم فخر اور افتخار ہماری23 مارچ کی پریڈ میں بھی یہ مہمان شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم وزرا خارجہ اجلاس میں اسلامو فوبیا قرارداد پر عملی اقدامات کے بارے بات ہو گی ،اس کے ساتھ ساتھ کشمیر کے مسئلے پر بھی بات ہو گی ، بھارت کو اس بات کی تکلیف ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم اجلاس میں کشمیری قیادت کو کیوں دعوت دی گئی ہے ، اسلامی تعاون تنظیم نے جو رپورٹیں مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے تیار کی ہیں ،وہ بھی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ22 مارچ کی صبح کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کریں گے، کانفرنس کے حوالے سے جتنے وفود اور ممالک کو دعوت دی گئی تھی، سبھی اس میں شریک ہوں گے،علاوہ ازیں اسلامو فوبیا کے تدارک کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد پر ملک بھر میں علماء و مشائخ نے بھی جمعہ کو یوم تشکر منایا۔پاکستان علماء کونسل کے قائدین چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا ڈاکٹر ابو بکر صدیق (اسلام آباد) علامہ عبد الحق مجاہد (ملتان) قاضی مطیع اللہ سعیدی (گجرات) مولانا اسد اللہ فاروق (لاہور) مولانا اسعد زکریا (کراچی) مولانا حق نواز خالد، مولانا عبید اللہ گورمانی ، علامہ طاہر الحسن (فیصل آباد) مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا حنیف عثمانی (ساہیوال) پیر اسعدحبیب شاہ جمالی ، مولانا محمد اصغر کھوسہ (ڈیرہ غازی خان) مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان(راوالپنڈی) مولانا ابو بکر صابری (اسلام آباد) مولانا انوار الحق مجاہد ، شبیر یوسف گجر، مولانا عبد المالک آصف (ملتان) مولانا اسلم صدیقی، مولانا عبد الحکیم اطہر،مولانا اسلام الدین ، قاری محمد اسلم قادری، قاری شمس الحق (لاہور) مولانا حسان احمد حسینی (ڈسکہ ) مولانا محمد خورشیدنعمانی (بہاولنگر) مولانا عبد اللہ حقانی، مولانا عبد اللہ رشیدی (قصور) میاں راشد منیر (سیالکوٹ) مولانا عاصم شاد ، مولانا عبد الوحید فاروقی (ناروال ) مولانا ابو بکر حمزہ (چکوال) مولانا حبیب الرحمن عابد، مولانا طیب گورمانی، مولانا اظہار الحق خالد، صاحبزادہ حمزہ طاہر الحسن (فیصل آباد) مولانا سعد اللہ لدھیانوی (ٹوبہ ٹیک سنگھ ) مولانا انیس الرحمن بلوچ (گوجرہ) مولانا عبد الرشید (حافظ آباد) مفتی محمد عمر فاروق (خانیوال) مولانا عبد الغفار شاہ حجازی (لودھراں)، مولانا تنویر احمد (بہاولپور) مولانا محمد احمد مکی، مولانا محمد اشفاق پتافی (مظفر گڑھ)مولانا کلیم اللہ معاویہ (ننکانہ) مولانا عزیز الرحمن معاویہ (تلہ گنگ) مولانا عزیز اکبر قاسمی (راجن پور) مولانا سعد اللہ شفیق(رحیم یار خان ) مولانا حسین احمد درخواستی (کراچی) مولانا یاسر علوی (سمندری) قاری عبدالرئوف ، مولانا مطلوب مہار (بہاولنگر) حافظ محمد طلحہ فاروقی (وہاڑی) مولانا زبیر کھٹانہ (گوجرانوالہ) مولانا عقیل زبیری (سرگودھا) قاری عزیز الرحمن (لیہ)، مولانا عاطف اقبال (کمالیہ)اور دیگر نے خطبات جمعہ میں کہا کہ قرارداد سے اسلام کے مقدسات کی توہین کا سلسلہ بند ہونے میں مدد ملے گی ،قرارداد پر اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں،علماء و مشائخ نے کہاکہ اقوام متحدہ میں قرارداد حکومت پاکستان کی کوششوں سے ممکن ہوئی جو پوری قوم کیلئے قابل فخر بات ہے۔