قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف سے نائیجیریا کے وزیر دفاع کی سربراہی میں 5 رکنی وفد کی ملاقات

اسلام آباد:نائیجیرین وزیر دفاع میجر جنرل بشیر صالحی مگاشی (ر) کی سربراہی میں 5 رکنی وفد نے قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، سکیورٹی اور ہوا بازی کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔جمعہ کو یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس موقع پر ڈاکٹر معید یوسف نے کہا کہ پاکستان اور نائیجیریا کے درمیان سفارتی اور عسکری محاذوں پر بہت مضبوط تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک تمام بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارتی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے۔