سندھ ہاؤس کو نیلام گھر بنادیا گیا ہے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد:وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہاہے کہ سندھ ہاوس کو نیلام گھر بنادیا گیا ہے،مسٹر فراڈیئے جمع ہیں، چوری لوٹ کھسوٹ کا پیسہ ان لوگوں کے پاس تھا،سینٹ الیکشن میں اراکین قومی اسمبلی کے ضمیر خریدے جارہے تھے، ویڈیو بھی موجود ہے، الیکشن ایکٹ واضح ہے کہ کسی ووٹر کو پیسے کے ذریعے نہیں خرید سکتے،الیکشن کمیشن کے پاس موقع آگیا ہے کہ وہ اس کا خاتمہ کرسکے۔ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے جمعہ کو الیکشن کمیشن کے باہر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔فرخ حبیب نے کہاکہ این ایف سی کی مد میں سندھ حکومت 2000ارب لیکر گئی لیکن کہاں استعمال ہوا اس کا پتہ ہی نہیں ہے، جو کونسلر نہیں بن سکتے تھے وہ ٹکٹ کے لئے عمران خان کے پائوں میں بیٹھے ہوئے تھے،الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کے خلاف کیس کا بھی فیصلہ کرے اور ووٹ کی خرید و فرخت کو فوری طور پر روکے،ہم نے ابیسلوٹلی ناٹ کہہ کر کوئی غلط نہیں کیا، س کا خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار ہیں،کپتان ڈٹ کر مقابلہ کریں گے،کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور نہ ہی کمپرومائز کریں گے،وزیر مملکت نے کہاکہ آج سب چور ایک طرف اور عمران خان ان کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں،جب کوئی اتحاد بنتا ہے تو سب کو ساتھ لیکر چلا جاتا ہے،ہم پاکستان کی جمہوریت کو نیلام گھر نہیں بننے دیں گے،بھرپور مزاحمت کریں گے اور رکاوٹ بن کر کھڑے ہوں گے،آرٹیکل 63اے واضح ہے،قانون اس لئے بنایاجاتا ہے کہ اس کا خوف ہو،لوگ قانون نہ توڑیں، اگر ان کے ضمیر اتنے ہی جاگ گئے ہیں تو نیلام گھرسے باہر نکلیں اور دوبارہ الیکشن لڑکے دیکھ لیں کہ ان کے ساتھ کتنے عوام ہے۔اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف ملیکہ بخاری نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے سامنے جو کیس ہے وہ عام نہیں، ایک تاریخ رقم کر رہا ہے،پہلی دفعہ ضمیر فروشی کا عمل عوام کے سامنے نہیں آیا،الیکشن کمیشن اہم ائینی اداروں، عوام کے ووٹ اور جمہوری عمل کا محافظ ہے، گیلانی کے وکیل نے اب یہ بتایا کہ ویڈیو جو سامنے آئی وہ ہماری نہیں تھی،الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ یہ اہم موڑ ہے،آئینی ادارے کو کسی کام کے لئے بنایا گیا ہے، یہ موقع ہے کہ ممبران پارلیمنٹ ضمیر بیچیں گے تو ازخود نوٹس لیکر انھیں سزا دی جائے