وزیراعظم عمران خان سے بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلفیہ کی ملاقات

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ، قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں، متنوع اقتصادی ، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ الخلفیہ نے ملاقات کی۔ نیشنل گارڈ کمانڈر نے وزیراعظم کو بادشاہ اور ولی عہد اور مملکت بحرین کے وزیراعظم کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا۔ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے بحرین کی قیادت کیلئے وزیراعظم عمران خان نے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بحرین کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں جس کی جڑیں ایمان، اقدار اور ہم آہنگی سے جڑی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے بہتر شراکت داری قائم کرنے کیلئے دونوں اطراف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے گہرے اور متنوع اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ کوویڈ۔19 کے خلاف بحرین کے کامیاب اقدامات کو سراہتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اس وبا کے دوران پاکستانی تارکین وطن کی دیکھ بھال پر بحرینی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دونوںممالک کے درمیان دوستی کے اس رشتے کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔بحرین کے نیشنل گارڈ کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے پختہ عزم کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم کی ایما پر پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے عالمی دن کے طور پر منانے کی پیش کی گئی تاریخی قرارداد کی منظوری پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے انہیں بتایا کہ وہ جلد از جلد بحرین کے بادشاہ، ولی عہد اور اپنے ہم منصب کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، پاکستان اور بحرین کے درمیان روایتی، قریبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ دسمبر 2019 میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ بحرین کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات بلندی کی جانب گامزن ہیں۔