وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سےنائجیرین وزیر دفاع کی ملاقات

اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےنائجیریا کے وزیر دفاع میجر جنرل (ر) بشیر صالحی مگاشی نے جمعرات کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور نائجیریا کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون باعث اطمینان ہے۔ گذشتہ سال پاکستانی جے ایف تھنڈر لڑاکا ہوائی جہازوں کی نائجیریا منتقلی انتہائی اچھا شگون ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نائیجیرین فوجیوں کو پاکستان میں انسداد دہشت گردی کی تربیت کی فراہمی ہمارے دفاعی تعلقات کے استحکام کی مظہر ہے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور نائجیریا کے مابین انسداد دہشت گردی اور بارڈر مینجمنٹ اور سرویلنس کے حوالے سے مفاہمت نامے پر جلد دستخط کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہم دو طرفہ سیاسی مشاورت، سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے ویزا کے خاتمے کے حوالے سے، زیرالتوا مفاہمت ناموں کو جلد حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نائجیریا کے صدر محمد بوہاری کو پاکستان میں جلد خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں۔