نیلوفر بختیار کی کولمبیا کی وزیر خارجہ امور، اردن کی ویمن کونسل کی سیکرٹری جنرل اور کیوبا کی خواتین کی فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل سے ملاقاتیں

اسلام آباد :چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقار نسواں نیلوفر بختیار نے کولمبیا کی وزیر خارجہ امور، اردن کی ویمن کونسل کی سیکرٹری جنرل اور کیوبا کی خواتین کی فیڈریشن کی سیکرٹری جنرل کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں کیں ،محترمہ نیلوفر بختیار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، انتونیو گوٹیرس کے ساتھ صنفی برابری پر میٹنگ کی۔یہ اجلاس عملی طور پر اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بنیادی طور پر موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے کو حل کرنے میں خواتین کی زیادہ سے زیادہ شمولیت پر توجہ مرکوز کی گئی کیونکہ وہ اس کے اثرات سے زیادہ متاثر ہوتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ دو طرفہ میٹنگوں میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقارِ نسواں اور پہلی خاتون نائب صدر، کولمبیا کی وزیر خارجہ کے درمیان صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے پر بات چیت ہوئی۔دوسری میٹنگ میں ویمن کونسل اردن کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سلمیٰ نمس اور نیلوفر بختیار نے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق مسائل کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا جس میں اسلامی دنیا میں خواتین کے مواقع اور ترقی پر خصوصی زور دیا گیا۔ فیڈریشن آف کیوبا ویمن کی سکریٹری جنرل اور چیئرپرسن نیشنل کمیشن برائے وقارِ نسواں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات کا محور خواتین کو بااختیار بنانے کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور خواتین کے حوالے سے حساس قانون سازی کی ضرورت پر مبنی تھا۔