پاکستان میں آو آئی سی کا اجلاس ہونا اعزاز و فخر کی بات ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

اسلام آباد:وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آو آئی سی کا اجلاس ہونا اعزاز اور فخر کی بات ہے، ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے حوالے سے عالمی دن منایا جائے گا،اقوام متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا کے حوالے سے قرارداد کی منظوری امت مسلمہ کی بہت بڑی کامیابی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا پر قرارداد منظور ہوئی یہ پوری امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے،وزہراعظم عمران خان نے اسلامو فوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ میں جو آواز بلند کی یہ اسی کا نتیجہ ہے، پوری دنیا میں حکومت پاکستان کے اس سلسلے میں کردار کو سراہا گیا، ہر سال 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کا عالمی دن منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس پاکستان میں منعقد ہو نا اعزاز کی بات ہے،او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے حوالے سے تیاریاں مکمل کی جاچکی ہیں، اس اجلاس کے لئے 19 مارچ سے مہمان آنا شروع ہو جائیں گے اور اس کے بعد 23 مارچ کو تمام وفود مسلح افواج کی پریڈ میں شرکت کریں گے، جو ممالک اسلامی تعاون تنظیم کے ممبر نہیں ہیں،وہ بھی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، اب تک 48 ممالک کے وفود نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ حزب اختلاف سے درخواست کی تھی کہ اپنا مارچ 24 مارچ کے بعد لائیں، ان کی آمادگی کے اظہار کا خیر مقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس مسلم امہ کی وحدت اور اکٹھے ہونے کا موقع ہے اس موقع پر میڈیا کا تعاون درکار ہے، میڈیا کو چاہیے کہ سیاست سے ہٹ کر اس کی موثر طور پر کوریج کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس کی کامیابی کے لئے ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے اجلاس میں فلسطین، کشمیر، اسلامو فوبیا، حجاب، بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور امت مسلمہ کے حقوق کی بات ہو گی اور اس پر عملی اقدامات کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا، تین ماہ میں دوسری مرتبہ وزرائے خارجہ اسلام آباد آ رہے ہیں اور یہ مہمان پورے پاکستان کے مہمان ہیں۔