پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2011 سے 2021 کے دوران سرمایہ کاری پر منافع کی اوسط شرح 14.55 فیصد رہی، رپورٹ

اسلام آباد:پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 2011 سے 2021 کے دوران سرمایہ کاری پر منافع کی اوسط شرح 14.55 فیصد رہی ہے، سرمایہ کاری کے دیگر ذرائع کے مقابلے میں پی ایس ایکس میں سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی شرح سب سے زیادہ رہی ۔پی ایس ایکس کے مارکیٹنگ اور بزنس ڈویلپمنٹ کے شعبے کی سربراہ رعیدہ لطیف نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2011 سے 2021 کے دوران پی ایس ایکس میں کی جانے والی سرمایہ کاری پر اوسط شرح سالانہ منافع 14.55 فیصد ر ہی جبکہ سونے میں سرمایہ کاری پر منافع کی شرح 6.67 فیصد اور ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ/سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر منافع کی اوسط سالانہ شرح 9.38 فیصد رہی ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ دس سال کے دوران پاکستان انوسٹمنٹ بانڈز پر شرح آمدن 8.98 فیصد، ٹی بلز پر 7.60 فیصد اور ڈیپازٹس پر 5.01 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے، اسی طرح اس دوران افراط زر کی اوسط شرح 7.28 فیصد رہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سہولت اکاؤنٹ کھلوا کر چھوٹے اور درمیانے درجہ کے سرمایہ کار پی ایس ایکس میں باآسانی سرمایہ کاری کرکے قابل قدر آمدنی حاصل کر سکتے ہیں جو سرمایہ کاری کے دیگر ذرائع سے حاصل منافع کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے۔