پولیس ناکے پر فائرنگ سے شہداءکے جسد خاکی آبائی گاوں روانہ

اسلا آباد:شہید کانسٹیبل ثقلین اور شہید کانسٹیبل خرم تنولی کا نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں ادا کر دیا گیا ،نماز جنازہ میں وزیر داخلہ سید اعجاز شاہ،آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان پولیس کے تمام سینیئر افسران،سیاسی و مذہبی شخصیات او ر شہداءکی فیملیز نے شرکت کی.

شہید ہونے والے جوانوں کو اسلام آباد پولیس کی طرف سے سلامی پیش کی گئی وزیر داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کی طرف سے پھولوں کی چادر چڑھائی گئی. آئی جی اسلام آباد نے شہداءکے جسد خاکی کو کندھا دیا شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے فاتحہ خوانی کی. شہداءکے جسد خاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ ایس پی صدر زون ملک نعیم اقبال کی نگرانی میں ان کے آبائی گاﺅں روانہ کیا گیا ۔اسلام آباد میں پولیس ناکے پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ آئی ٹین سبزی منڈی کے قریب پیش آیا۔يادرہے کہ گزشتہ شام اسلام آباد کے علاقے آئی ٹین سبزی منڈی کے قریب پولیس ناکے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے دو اہلکار شہید جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کیلئے کیرج فیکٹری ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔نامعلوم موٹر سائیکل سوار فائرنگ کے بعد باآسانی موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔