یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں 10 کروڑ روپے کے لاگت سےانڈور جمنازیم بنائیں گے، کامران بنگش

پشاور: صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا ہے کہ یو ای ٹی پشاور کا ایک نام ہے، زمانہ طالب علمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں داخلہ نہیں ملا تھا لیکن آج مہمان خصوصی کی حیثیت سے یہاں آنے کا موقع ملا،ان کا کہنا تھا کہ آج اتنی ڈگریاں تقسیم کی ہیں کہ اب رات کو میں خواب میں بھی ڈگریاں دیتا رہوں گا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے یو ای ٹی پشاور میں بطور مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کامران خان بنگش نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کنووکیشن 2022 پر 900انڈر گریجویٹ، 32پوسٹ گریجویٹ اور 18پی ایچ ڈیز کو ڈگریاں دیں جبکہ اس موقع پر 48نمایاں پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز سے بھی نوازا۔صوبائی وزیر کامران خان بنگش کا کہنا تھا کہ انجینئرز نے پاکستان کی تقدیر کو سنبھالنا ہے، یہ ڈگری آپ کی کامیابی کا پہلہ زینہ ہے۔وزیراعظم عمران خان دن رات محنت کررہے ہیں اور ان کی محنت ضرور رنگ لائے گی، وزیراعظم عمران خان کی بہتریں خارجی پالیسیوں کی بدولت آج اقوام عالم پاکستان کی اہمیت کو تسلیم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے حوالے سے بھی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے پیاروں کے جنازے اٹھائے ہیں اب یہ قوم کی کامیابی کا وقت ہے، موجودہ حکومت تعلیم اور خصوصا اعلیٰ تعلیم کے شعبے کو اہمیت دے رہی ہے، انجینئرنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل گریجویٹس کا ملکی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے، انجینئرز ملازمت لینے والے نہیں، ملازمت دینے والے ہوتے ہیں،حکومت نے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنے کا تہیہ کیا ہے، نوجوان نسل کے ساتھ کئے اپنے وعدے سے غافل نہیں ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کامران بنگش نے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں یونیورسٹی میں انڈور جمنازیم کے قیام کے لئے 10کروڑ روپے فراہم کرنیکا بھی اعلان کیا۔