ہٹلر مودی کے دور میں ہندوستان کی اقلیتیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

لاہور:وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ہٹلر مودی کے دور میں ہندوستان کی اقلیتیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں ۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز میں متحدہ علما کونسل اور انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کے تعاون سے منعقدہ ہندوستان میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بین المذاہب ہم آہنگی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کے رہنما اور مختلف مسلمان مکاتب فکر کے علما اکٹھے بیٹھے ہیں تو یہ اسلامی تعلیمات کے مطابق حسن ہے ۔ہندوستان میں اقلیتیں مسلسل مودی سرکار کے ظلم و ستم کو سہہ رہی ہیں جو کہ بلاشبہ قابل مذمت ہیں ،دنیا کو اس جانب بھی متوجہ ہونا چاہیے تاکہ ہندوستان میں اقلیتوں کے حوالے سے معاملات میں سدھار لایا جا سکے ،چرچ کا جلانا یا مساجد کو منہدم کرنا ایک سا جرم ہے اور بین الاقوامی سطح پر مودی کے مظالم کی روک تھام کے لئے آواز بلند ہونی چاہئیے ۔انھوں نے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ سانحے کے مجرمان کو سپیڈی ٹرائل کے ذریعے فوری کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔