پاکستان میں ہر سطح پراقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا جا رہا ہے،حافظ محمد طاہرمحموداشرفی

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مختلف مذاہب اور مسالک کے لوگ رہتے ہیں ، اپنے مذہب و مسلک کو دوسروں پر جبراً مسلط نہ کرنے کا نام مذہبی رواداری ہے ، اسلام جبر کا نہیں محبت کا قائل ہے ، پاکستان میں ہر سطح پر اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ہر سطح پر کیا جا رہا ہے ، دنیا بھارت میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر ایکشن لے ۔یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بی المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سینٹ جونز چرچ کی پچاس سالہ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس موقع پر پادری ایمانوایل کھوکھر ، سہیل رضا ، پادری سلیم، مولانا اسلم صدیقی ، مولانا عبد القیوم فاروقی بھی موجود تھے ۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ تمام مذاہب و مسالک کے لوگوں کی مشترکہ جدوجہد سے پاکستان وجود میں آیا ۔ پاکستان کے قیام کا مقصد ہی اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ تھا ، اسلام نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے جو احکامات دئیے ہیں وہ واضح اور روشن ہیں ۔