پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے تعلقات کی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد:چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان سوڈان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، سیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں سوڈان کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق یہ بات انہوں نے سوڈان کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر میر بہروز ریکی بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے میر بہروز ریکی بلوچ کو بطور سفیر نامزدگی پر مبارک باد دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ امید ہے کہ نامزد سفیر پاکستان اور سوڈان کے درمیان دو طرفہ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھر پور کوششیں کریں گے، پاکستان، سوڈان کے ساتھ اپنے تعلقا ت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور انہیں مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے سیاست، تجارت، معیشت اور ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں سوڈان کے ساتھ تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی دوروں، پارلیمانی وفود کے تبادلوں اور وزارتی رابطوں کی ضرورت ہے، دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سوڈان میں پاکستانی تیار شدہ مصنوعات، ادویات کی برآمدات بڑھانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ اور سوڈان کے ساتھ ثقافتی روابط کو تقویت دینے کے لئے بھی کوششیں تیز کی جائیں۔ ملاقات میں سینیٹرز نصیب اللہ بازئی، محمد اکرم ، مہر تاج روغانی ، لال دین اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔