خاتون اول بیگم ثمینہ علوی کا پشاور میوزیم کا دورہ، خطے کے شاندار ورثے کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخوا حکومت کی کوششوں کو سراہا

پشاور:صدر مملکت عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ علوی نے پشاور میوزیم، ہیریٹیج ٹریل اور سیٹھی ہائوس کا دورہ کیا اور خطے کے شاندار ورثے کے تحفظ کے لیے خیبرپختونخوا حکومت کی کوششوں کو سراہا۔ڈائریکٹر آرکیالوجی اینڈ میوزیم خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد نے خاتون اول کو پشاور میوزیم کی تزئین و آرائش اور تحفظ کے کاموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ بیگم ثمینہ علوی نے پاکستان کے آثار قدیمہ کے مالا مال ورثے کے تحفظ کے لیے صوبائی حکومت کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے پشاور میوزیم کی عمارت کی بحالی اور گندھارا آرٹ کے دنیا کے سب سے بڑے ذخیرے کی تعریف کی۔ انہوں نے دیکھ بھال کے اعتبار سے پشاور میوزیم کو بہترین میوزیم قرار دیا۔