مسیحی برادری پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا اور اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، حکومت آئین پاکستان کے تحت اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔کرسمس 2021 ء کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ کرسمس کے اس پرمسرت موقع پر، پاکستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج پاکستان اور پوری دنیا میں لاکھوں مسیحی حضرت عیسیٰؑ کی ولادت کی خوشی منا رہے ہیں ۔ حضرت عیسیٰ ؑ کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا ۔یہ دن ہمیں ان اقدار کی یاد دلاتا ہے جن پر حضرت عیسیٰؑ اپنی زندگی میں عمل پیرا رہے ۔ انہوں نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلیٰ اقدار کی بھی تبلیغ کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا اور کرسمس اُس پیغام پر غور و فکر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے ۔ہم ، بحیثیت مسلمان ، اللہ تعالی ٰکے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے بھی ان کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے پہلے دن سے ہی پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے لیے ، بلا تفریقِ مذہب، پیشہ یا نسل ، مساوات، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا اعلان کیا ۔ اسی طرح پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو ، بلا لحاظ ِمذہب، ذات پات اور نسل ، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔حکومت ِپاکستان اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں شہریوں کو تمام حقوق حاصل ہیں اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔یہ امر ملک بھر میں تمام عقائد کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور گہرے اتحاد کا عکاس ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں اپنی نعمتیں اور عزیز اقدار کی خوشی منانے کیلئے ایک خاندان کی طرح جوڑتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس پر مسرت دن پر، میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی ملکی سماجی و اقتصادی ترقی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات اور کردار کو سراہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔