افغانستان میں فوجی آپریشن کیلئےفضائی حدود کے استعمال پر امریکہ سےکوئی معاہدہ نہیں،پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے ہفتہ کو امریکی میڈیا کی اس رپورٹ کہ افغانستان میں فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کے لیے فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے کے لیے امریکہ کے ساتھ کسی بھی قسم کی کوئی مفاہمت ہے کی سختی سے تردید کی ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا افغانستان میں فوجی آپریشن کے لئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کیلئے معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے۔تاہم امریکی میڈیا کے دعوے کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی کوئی مفاہمت موجود نہیں ہے۔امریکہ کی جانب سے افغانستان میں فوجی اور انٹیلی جنس آپریشن کرنے کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال کے لیے معاہدے کو باقاعدہ شکل دینے کے حوالے سے تازہ ترین خبروں کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کا علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی پر دیرینہ تعاون ہے اور دونوں فریق باقاعدہ مشاورت میں مصروف عمل رہے ہیں۔