مردان میں بیڈمنٹن ہال اور طورو پلےگراؤنڈمکمل،قبائلی اضلاع میں بھی مختلف پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں، پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی

پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبائی سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک باقاعدگی کیساتھ صوبہ بھر میں جاری کھیلوں کی سہولتوں کی بہتری کے لئے شروع کئے جانیوالے منصوبوں کی مانیٹرنگ کررہے ہیں اور اپنی رپورٹس وزیراعلیٰ محمود خان کو پیش کررہے ہیں حال ہی میں ایک ہزار سپورٹس سہولیات پراجیکٹ کے تحت مردان میں گرلزکا لج پار ہوتی میں بیڈمنٹن ہال اور طورو پلے گرائونڈ کے منصوبے مکمل کر لئے گئے ہیں اس سلسلے میں کھیلوں کے ایک ہزار پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے مکمل ہونیوالے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا ان کے ہمراہ ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم ایم امیر محمد بیٹنی’ڈپٹی ڈائریکٹر جی آئی ایس زاہد علی شاہ ‘ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرابزار احمد’انجنیئرز پارس خان اور عمر خان شامل تھے’اس موقع پر مردان سپورٹس کمپلیکس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں مکمل ہونیوالی سکیموں کیساتھ دیگر جاری منصوبوں پر بھی بات چیت کی گئی ‘انجنیئرز کی ٹیم نے کام کا معیار چیک کیا’فیلڈ انجنیئرز اس سلسلے میں ٹیکنیکل رپورٹ پیش کریں گے جس کے تحت ڈی ایس او کو نئی تعمیر ہونیوالی سہولتوں کو حوالے کیا جائے گا ‘ان دونوں مکمل ہونیوالے منصوبوں پر 8.96 ملین روپے کی لاگت آئی ہے جس میں سے بیڈمنٹن ہال پر 3.96 ملین روپے اور طورو پلے گرائونڈ پر 5.00 ملین روپے لاگت آئی ہے ‘ڈائریکٹر پراجیکٹ مراد علی مہمند کے مطابق یہ بہت بڑی کامیابیاں ہیں بہت سے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلیٰ محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک نے اقدامات کا آغاز کیا اور نوجوانوں کو ان کی دہلیز پرکھیلوں کی بہترین سہولتیں میسر کی جارہی ہیں’انہوں نے کہا کہ پی ایم یو معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ہر کام کو باقاعدگی کیساتھ مانیٹر کیا جارہاہے اور اس کی رپورٹس حکام بالا کو پیش کی جارہی ہیں’انہوں نے کہا کہ30 جون 2021 تک ایک ہزار سہولیات پراجیکٹس کے تحت 100 منصوبوں پر کام مکمل کر لیا جائے گا اور امید ہے کہ صوبائی حکومت دیگر منصوبوں کے لئے بھی مزید فنڈز جلد جاری کرے گی پراجیکٹ مینیجمنٹ یونٹ نے اس کیساتھ سپیشل پرسن گرائونڈ کا بھی دورہ کیا جہاں جولائی 2021 تک کام مکمل کرلیا جائیگا’باکسنگ رنگ پر بھی کام آخری مرحلے میں ہے جس کے لئے کچھ اضافی فنڈز بھی درکار ہیں ‘کلائمبنگ وال بھی تعمیر کے مراحل میں ہے جس پر 45 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ‘ کلائمبنگ وال کے انجنیئر حارث الطاف نے ٹیم کو بریفنگ دی انہوں نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ مردان کے ساتھ تین دیگر اضلاع میں بھی کلائمبنگ والز کے منصوبے جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ڈائریکٹر پراجیکٹ مراد علی مہمند نے کہا کہ خواتین کی کھیلوں کی سہولتوں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ‘ صوبائی حکومت کی سپورٹس کی بہتری کیلئے کی جانیوالی کوششوں کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ‘انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تحصیل کی سطح پر کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی خاص طور پر دور دراز علاقوں کیساتھ حال ہی میں ضم شدہ اضلاع میں بھی مختلف پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں جس سے ہمیں ہر طرف سے بہترین کھلاڑی میسر آئیں گے جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔