خیبر پختو نخوا حکومت کا 24 ارب 49 کروڑ روپے بشمول قبائلی اضلاع میں چھوٹے گراونڈز کی بحالی ​کے 21منصوبوں کی منظوری

پشاور: صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس میں 24 ارب 49 کروڑ روپے کے 21 منصوبوں کی منظوری دے دی گئی- صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کا اجلاس منگل کے روز محکمہ منصوبہ بندی و ترقی خیبرپختونخوا میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا شکیل قادر خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں فورم ممبران اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور افسران نے شرکت کی-قابل ذکر منصوبوں میں محکمہ صحت کے کورونا وبا کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی صلاحیت بڑھائی جائے گی خیبرپختونخوا کے 12 ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کی فوری اپ گریڈیشن کے لئے 6 ارب 52 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دی گئی- ملاکنڈ، چترال، ہنگو، بونیر، کوہستان، بٹگرام، لکی مروت، مانسہرہ، مردان، سوات، شانگلہ، ٹانک میں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کی جائے گی-محکمہ صحت کے تحت دوائیوں کے ترسیل کے نظام کی بہتری کے لئے 31 کروڑ روپے سے منصوبے کی منظوری دے دی گئی جس کے تحت 7 ریجنل وئیر ہاوسز اور سپلائی چین مینجمنٹ یونٹ کا قیام عمل میں لایا جائے گا-محکمہ سیاحت و کھیل کے ضم اضلاع میں چھوٹے گراونڈز کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے منصوبے کی منظوری دی گئی منصوبے کے تحت جناح سٹیڈیم پاڑہ چنار کو 15 کروڑ روپے کی لاگت سے اپ گریڈ کیا جائے گا سٹیڈیم میں جمنازیم کے قیام کے علاؤہ بحالی کا کام کیا جائیگا ضلع صوابی میں بدری نالہ کے اطراف زرعی زمینوں کو سیلاب سے بچانے اور ایریگیشن چینلز کی تعمیر کے لئے 97 کروڑ روپے کے دو منصوبے کی منظوری دی گئی منصوبے پی ایس ڈی پی سے فنڈ کیے جائیں گے-کرک ایریا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے تحت 37 کروڑ روپے کی لاگت سے کرک سے بانڈہ داود شاہ 17 کلومیٹر روڈ اور 15 کروڑ روپے کی لاگت سے احمد آباد سے عالم شیری 10 کلومیٹر روڈ کی بحالی و مرمت منظوری دی گئی اجلاس میں ضلع بونیر میں پیر بابا بائی پاس روڈ اور پیر بابا کلابت بائی پاس روڈ کی 25.8 کروڑ روپے سے منظوری دی گئی-صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے ضلع چارسدہ میں 53 کروڑ روپے کی لاگت سے شبقدر ناگمان سے شبقدر بٹگرام روڈ اور 53 کروڑ کی لاگت سے ضلع چارسدہ کی تحصیل تنگی میں تین لنک روڈز کی بھی منظوری دی-خیبرپختونخوا میں محکمہ اعلیٰ تعلیم کے منصوبوں کے تحت 33.5 کروڑ روپے سے گورنمنٹ ڈگری کالج خوازہ خیلہ سوات، 33.6 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ ڈگری کالج چارباغ سوات، 33.5 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ ڈگری کالج سدو شریف اور 35 کروڑ روپے کی لاگت سے گورنمنٹ ڈگری کالج پیر بابا بونیر کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی-