منشیات فروشی میں غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف

لاہور میں بڑے پیمانے پر منشیات فروشی میں غیر ملکیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔گرفتار منشیات فروشوں سے تفتیش میں پتہ چلا کہ کوکین کی قیمت 13 ہزار روپے سے 15 ہزار روپے فی گرام ہے جبکہ اس میں کولمبئین کوالٹی 15ہزار روپے سے 20 روپے فی گرام ہے ۔ آئس 25 سو روپے سے 3 ہزار روپے فی گرام باآسانی مل جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ ڈانس پارٹیز میں نشہ آور گولیاں استعمال کی جاتی ہیں ایک گولی 7سو روپے سے 1 ہزار روپے تک مل جاتی ہے ۔ یکم جنوری سے اب تک کریک ڈاؤن کے دوران نائجیریا اور دیگر افریقی ممالک سے تعلق رکھنے والے کئی بڑے منشیات فروشوں کو گرفتارکر لیا گیا ہے جبکہ مجموعی طور پر282بڑے منشیات فروشوں کو گرفتارکیا گیا۔ بین الاقوامی منشیات فروش گروہ کے سرغنہ نائجرین باشندہ مکاوا، فیمی اور پال کودورانِ کارروائی رنگے ہاتھوں گرفتارکیا گیا۔نشہ آور اشیا کے مسلسل استعمال سے قوت مدافعت میں بھی کمی آجاتی ہے جس سے کسی بھی طرح کا وائرس انسانی جسم پر فوری حملہ آور ہوکر انسانی جسم کو بیمار کردیتا ہے ۔ نشہ کے عادی افراد میں جو لوگ انجکشن کا استعمال شروع کردیتے ہیں ان میں کثرت سے ہیپاٹائٹس سی اور ایچ آئی وی ایڈز کے کیسز بھی سامنے آرہے ہیں۔