افغانستان میں امن سے خیبر پختونخوا کو فائدہ اور علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، ڈاکٹر عارف علوی

پشاور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے ،کاروبارمیں آسانی کیلئے اصلاحات جاری ہیں، تاجر برادری ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے، افغانستان میں امن سے خیبر پختونخوا کو فائدہ اور علاقائی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا۔صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس پشاورمیں خیبر پختونخوا کی کاروباری برادری سے ملاقات میں کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر غضنفر بلور، سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز الیاس اور چیمبر کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مکمل ٹیکس ادائیگی سے تجارتی خسارہ کم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی میں مدد ملے گی، تاجر برادری ملک میں ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی کی وبا کے دوران 1.2 کھرب کا معاشی ریلیف پیکیج دیا گیا ہے ،حکومت بزنس کمیونٹی کو مسابقتی کاروباری ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے ، ملک میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول سازگار ہے اور کاروبارمیں آسانی کیلئے اصلاحات جاری ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ تاجر برادری حکومت سے روابط مزیدبہترکریاور کاروباری ماحول کی بہتری کیلئے تجاویز دے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت اور آئی ٹی شعبے میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں امن سے علاقائی تجارت کو فروغ ملے گا اور اس کا سب سے پہلیخیبر پختونخوا کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر تاجر برادری نے کاروباری شعبے کے تحفظ اور علاقائی تجارت کے فروغ کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف کی۔ صدر مملکت کو وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں کے ذریعے تجارت کے امکانات اور فوائد کے متعلق بریفنگ دی گئی۔