آرمی پبلک سکول کے طلباء اور اساتذہ کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی،محمودخان

پشاو: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش واقعہ کو ملکی تاریخ کا نہایت اندوہناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول کے طلباء اور اساتذہ کی شہادت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ آرمی پبلک سکول کے معصوم بچوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ملک میں دیر پا امن کی بنیاد رکھی اور پوری قوم ،حکومت اور اداروں کو مشترکہ دشمن کے خلاف متحد کر دیا ۔شہدائے اے پی ایس کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا۔ 16 دسمبر کو آرمی پبلک سکول پشاور کے دلخراش سانحہ کی چھٹی برسی کے موقع پر یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ آج کا دن ہمیں اس المیہ کی یاد دلاتا ہے جب انسانیت کے دشمنوں نے ننھے اور معصوم طالب علموں کو بے دردی سے قتل کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس المناک واقعہ کے بعد پوری قوم اور ادارے دہشت گردی کے ناسور کو معاشرے سے ختم کرنے کیلئے متحد ہوئے ، حکومتی ، سیاسی اور عسکری قیادت نے مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جو پرامن پاکستان کی طرف درست اور بروقت اقدام ثابت ہوا۔