لاہور میں بھارت کا تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام، 5 افغانی دہشتگرد گرفتار

لاہور:کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لاہور نے دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد لاہور میں سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانےکا منصوبہ بنا رہے تھے۔حکام کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کی شناخت ثمر قند، عبدالرحمان، وزیرگل، عصمت اللہ اور عمران کے نام سے ہوئی ہے اور ان کے خلاف سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں سے دستی بم، اسلحہ، افغان کرنسی، موبائل فونز اور حساس مقامات کی ویڈیوز برآمد کر لی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشتگرد 2 ماہ قبل افغانستان سے آئے تھے، افغان انٹیلی جنس ایجنسی نے انھیں جلال آباد میں ٹاسک دیا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را کا نمائندہ بھی اس ملاقات میں موجود تھا جبکہ دہشت گردوں کو فنڈز بھی را کے آفیسر نے فراہم کیے تھے۔ سی ٹی ڈی نے گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جس میں اہم انکشافات کی توقع ہے۔