مقبوضہ کشمیر کا فوری حل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے تمام ممبر ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے، شہریار آفریدی

اسلام آباد:پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ اراکین پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فعال کردار ادا کریں،اقوام متحدہ کی قرداردادوں پر عملدرآمد کراناپارلیمنٹیرینز کی ذمہ داری ہے۔ انسٹیٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے خلاف ہونے والے جرائم کے فوری خاتمے کیلئے عالمی سطح پر اراکین پارلیمنٹ کو کردار ادا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ بھارت کو غیرقانونی مقبوضہ جنگی جرائم پر ذمہ دار ٹھہرانے کے لئے فعال کردار ادا کریں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا فوری حل اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے تمام ممبر ممالک کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے کہا کہ بین الاقوامی پارلیمنٹ ممبران جموں و کشمیر میں ہندوستانی جارحیت کو روکنے اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر بھارت کو جوابدہ بنانے کے لئے عالمی ضمیر کو متحرک کرنے میں مل کر کام کریں۔انہوں نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کے چیئرپرسن سمیت امریکہ ، کینیڈا اور یورپ سمیت متعدد ممالک کے سیاسی رہنماؤں اور قانون سازوں نے بھی جموں و کشمیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔شہر یار آفریدی نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل کے لئے اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کے بیانیہ کے اندر رہتے ہوئے ممبران پارلیمنٹ، سفیروں، میڈیا، تھنک ٹینک، اکیڈمیا، دانشور اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی وکالت کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی افواج اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی میں کشمیریوں کو اُن کے حقِ خود ارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتیں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت کا کشمیر میں غیر ملکی مداخلت کا بیانیہ دنیا بھر میں غلط ثابت ہو چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے اقدامات فاشسٹ آر ایس ایس کے نسل پرست نظریات کے ذریعہ آگے بڑھ رہے ہیں۔شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نام نہاد سرچ آپریشنز کی آڑ میں ہونے والے مقابلوں میں بے گناہ کشمیریوں کو شہید کررہی ہیں ،خواتین اور بچوں سمیت سیکڑوں بے گناہ کشمیریوں کا ماورائے عدالت قتل ، بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں کی مکمل خلاف ورزی ہے۔ آفریدی نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنائے گئے اقدامات کے تحت ملکی سطح پر قانون سازی کر رہا ہے۔معروف تنقید نگار پروفیسر نوم چومسکی کے دیئے گئے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ ہندوستان اپنے ہندوتوا توسیع پسند نظریے سے چمٹے رہ کر مسلسل علاقائی امن کو خطرے میں ڈال رہا ہے،نریندر مودی مسلم حقوق کو کچل کر کشمیر میں ایک وحشیانہ سفاک حکمرانی کی مثال قائم کر رہا ہے۔