آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا پاکستان آرڈیننس فیکٹری واہ کا دورہ

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے اہم ہے، دفاع کیلئے پی اوایف مسلح افواج کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کیلئے میں جدید ٹیکنالوجی کا حصول ضروری ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو پی اوایف کے مختلف پیداواری یونٹس کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں جدید اور کم خرچ پائیدار پروڈکشن، حاصل شدہ اہداف اور مستقبل کے منصوبوں پرغور کیا گیا۔ مسلح افواج کی آپریشنل ضروریات کے تناظر میں جدید ٹیکنالوجی کے حصول پر بھی غور کیا۔جنرل قمر جاوید باجوہ کو برآمدات کے بین الاقوامی منصوبوں کیلئے پی اوایف کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے نئے تیار کیے گئے دفاعی سازوسامان کے ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا۔ آرمی چیف نے پیداوار کو بڑھانے میں پی اوایف انتظامیہ اورعملے کی لگن کی تعریف کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دفاع پاکستان میں پی اوایف مسلح افواج کی ریڑھ کی ہڈی کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہے۔ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری میدان جنگ کے چیلنجزسے نمٹنے کیلئے اہم ہے۔