خیبر پختونخوا زیتون کی پیداوار کے حوالے سے انتہائی ذرخیز ہے ، گورنر شاہ فرمان

پشاور: گورنرخیبرپختونخواشاہ فرمان نے ریگی للمہ کا دورہ کیا اور پاکستان کسٹم پشاور کے زیراہتمام منعقدہ شجرکاری تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور اس موقع پر ” گورنرفروٹس فارآل پروگرام ” کے تحت زیتون کا پودا لگایا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان کاکہناتھاکہ گورنر فروٹس فار آل پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر صوبہ بھر میں 50لاکھ پھلدار پودے لگا رہے ہیں۔خواہش ہے کہ خیبر پختونخوا میں پھلوں کے اتنے باغات ہوں کہ عوام کو پھل خریدنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہاکہ فروٹس فار آل پروگرام کے تحت صوبہ کے بچوں کو معیاری اور ہر قسم کے فروٹس مفت میسر آئیں گے اور اس مقصد کے حصول کیلئے عوام کی براہ راست پہنچ والی جگہوں پر پھلدار پودے لگا ئے جارہے ہیں۔گورنرکاکہناتھاکہ ہمارے صوبے کی زمین زیتون کی پیداوار کے حوالے سے بھی انتہائی ذرخیز ہے۔اگر اس پر سنجیدہ توجہ دی جائے تو نہ صرف اقتصادی خوشحالی آئیگی بلکہ ہمارا صوبہ زیتون کی پیداوار میں ایک انڈسٹری کا درجہ حاصل کرلے گا جس سے عوام کو معیاری زیتون آئل کے ساتھ روزگار بھی حاصل ہوگا۔