بھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد کشمیر میں مہم جوئی کی تو بھر پور جواب دیں گے، پاکستان

اسلام آباد:پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اگربھارت نے گلگت بلتستان یا آزاد جموں و کشمیر میں کوئی بھی مہم جوئی کی تو اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا، افغانستان میں امن و استحکام پورے خطہ کے مفاد میں ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستانی قوم کے عزم اور صلاحیت اور ہماری مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت اور جنگی تیاریوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم بھارت کے کسی بھی مذموم مقاصد کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جنوبی ایشیاءمیں پائیدار امن و استحکام کیلئے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ مسئلہ کشمیر سمیت تمام معاملات کو پرامن طریقے سے حل کرنا چاہئے۔ ترجمان نے بھارت میں سوشل میڈیا میں پاکستان کے بارے میں بدنیتی پر مبنی اور من گھڑت خبروں اور پروپیگنڈا مہم کا بھی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی۔آر ایس ایس حکومت کے اشارے پر پاکستان مخالف بھارتی میڈیا کی ایسی کوششیں مخصوص ذہنیت کی عکاس ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم اور فرضی کہانیوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے سمیت دیگر غیر قانونی اقدامات سے متعلق عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ ترجمان نے کہا مقبوضہ کشمیر میں 444 دن سے محاصرہ جاری ہے جبکہ گزشتہ ماہ بھارتی قابض فورسز نے 18 بیگناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی مظالم کو اجاگر کرتا رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت میں 800 ملین سے زائد افراد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں، بھارت کو اپنے خطرناک سٹرٹیجک عزائم پر عملدرآمد کی بجائے ملکی سماجی و اقتصادی بہتری پر توجہ دینی چاہئے۔