پاک فوج قیام امن کیلئے ہرقربانی دینے کو ہروقت تیار ہے، انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور (ساؤتھ) لیفٹیننٹ جنرل عمر بشیر

ڈیرہ اسماعیل خان:انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور (ساؤتھ) لیفٹیننٹ جنرل عمر بشیر نے کہا ہے کہ میڈیا کا معاشرے میں اہم کردار ہے، علاقائی مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ذمہ دارانہ رپورٹنگ انتہائی ضروری ہے، پاک فوج قیام امن کیلئے ہرقربانی دینے کو ہروقت تیار ہے، صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر کوشش کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں مقامی صحافتی تنظیموں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات میں کیا۔اس موقع پر سٹیشن کمانڈر بریگیڈئیر قاسم شہزاد بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران مقامی صحافیوں نے صحافتی اور علاقائی مسائل پر روشنی ڈالی۔ انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور (ساؤتھ) لیفٹیننٹ جنرل عمر بشیر نے مسائل کو توجہ سے سنا اور فرداً فرداً ان کے جوابات دئیے۔ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی کوششوں کے حوالے سے صحافیوں کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے، ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کیلئے پاک فوج عوام کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔