چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیازکا کمشنر بنوں کے ہمراہ لکی مروت کا تفصیلی دورہ

پشاور: چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کاظم نیا ز نے ضلع لکی مروت کا تفصیلی دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری تاجہ زئی کمپلیکس گئے اور وہاں پر جاری ضم شدہ اضلاع کے لیوی اہلکاران کوآرمی کی طرف سے دی جانے والی ٹریننگ سے متعلق آگہی لی۔ چیف سیکرٹری نے لیوی اہلکاران کو بہترین ٹریننگ دینے پر آرمی افسران کی تعریف کی اور کہا کہ تمام ادارے ملک کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ضم شدہ اضلاع بھی باقی اضلاع کے ہم پلہ ہونگے اوراپنے ملک کی خدمت میں پیش پیش ہونے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار شہری بنیں گے۔چیف سیکرٹری نے گورنمنٹ غسان شہید ہائی سکول لکی سٹی کا بھی دورہ کیا اور کورونا کے خلاف ایس او پیز پرمکمل درآمدپر سکول انتظامیہ کی تعریف کی اور طلباء سے سوالات پوچھے اور متعدد طلبا ء کو نقد انعامات کے ساتھ ساتھ چار کمرو ں کی فرنیچر اور سولرائزیشن کی بھی موقع پر منظوری دی۔چیف سیکرٹری ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تاجہ زئی گئے جہاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ حلیم الرحمان نے ہسپتال بارے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے غیر فعال وارڈز کی فعالیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں فنڈ کے اجرا میں تاخیر نہیں ہوگی اور لوگوں کو بنیا دی طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا ۔چیف سیکرٹری نے ہسپتا ل میں جاری ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریلز کے استعمال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی غیر معیاری میڑیلز کے استعمال کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی پر کارروائی ضرور ہوگی۔بعدازاں ضلعی پرفارمنس میٹنگ کے دوان ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب نے چیف سیکرٹری کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز میل و فی میل لکی مروت کی کارکردگی کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے ناراضگی کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ دیئے گئے ٹاسک کی تکمیل میں ناکامی کی کوئی وجہ نہیں بنتی ، تمام وسائل دستیاب ہونے کے باوجود کارکردگی غیر تسلی بخش ہے اس لئے آئندہ کیلئے اس قسم کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا تو سخت ترین کارروائی کرونگا۔اس کے علاوہ چیف سیکرٹری نے ضلع لکی مروت میں پی ایچ اے اور سی اینڈ ڈبلیوکے زیرِ نگرانی روڈز کے کاموں میں تاخیر کا بھی سخت نوٹس لیااور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مطلوبہ معیار او ر ترجیحی بنیادوں پر تاجہ زئی تا درہ تنگ روڈ کی تکمیل کو یقینی بنا کر کارکردگی بہتر بنائیں۔ میٹنگ کے دوران چیف سیکرٹری نے ہسپتالوں ، بازاروں کے چوکوںاور دوسری جگہوں پرسر سبز اور خوبصورت پودے لگانے کیلئے کمشنر بنوں کو ہدایات دیں اورکہا کہ لوگوں کو صاف ستھراماحول مہیا کرکے شجرکاری پر خاص توجہ کی ضرورت ہے ۔بعدازاں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ میڈیا اور علمائے کرام کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کی ترقی میں ہرمکتبہ فکر کے لوگوں کو مثبت کردار اور ملک کی خدمت پر فخر کرنا چاہیے۔