نوشہرہ : 6 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم گرفتار

نوشہرہ: پولیس نے چھ سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ نجم الحسنین کے مطابق بچی سے زیادتی اور اسے قتل کرنے والا ملزم بچی کا پڑوسی ہے،ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔ڈی پی او کا مزید کہنا ہے کہ ملزم کی عمر 18 سال ہے،اور تفتیش کے دوران اس نے بتایا کہ زیادتی کے بعد شناخت کے ڈر سے بچی کو قتل کر دیا تھا۔ملزم بچی کی تلاش میں رشتہ داروں کے ساتھ ساتھ تھا، ملزم کے کپڑے اور دیگر شواہد فرانزک لیب بھجوا دئیے گئے ہیں۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ چھ سال کی بچی کی لاش دو دن قبل ملی تھی، اس کی میڈیکل اور پوسٹ مارٹم رپورٹ ابھی موصول نہیں ہوئی۔گذشتہ روز بتایا گیا تھا کہ نوشہرہ میں انسانیت کا لبادہ اوڑھے شیطانی حیوانی درندے نے معصوم بچی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا۔نوشہرہ کے علاقے حمزہ رشکہ کی پانچ سالہ بچی گزشتہ روز گھر سے لاپتا ہوئی تھی۔ تلاش کرنے پر بچی کی بوری بند لاش مرغیوں کے فارم سے ملی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے واقعے کی تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔