پولیس فورس کے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھا جائیگا ، ڈی پی او مردان

مردان :ملک بھرکی طرح خیبرپختونخوا ضلع مردان میں بھی 04 اگست یوم شہدائے پولیس نہایت عقیدت واحترام اور شایان شان طریقے سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں نمازفجرکے بعدضلع بھرکے پولیس تھانوں اور پولیس لائنز مساجد میں قران خوانی کا اہتمام کیاگیا اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی۔ ڈی آئی جی مردان ریجن شیر اکبر،ڈی پی اوڈاکٹر زاہد اللہ ودیگرپولیس افسران نے پولیس لائن میں یادگار شہداء پرسلامی دی، پھول چڑھائے اورشہداء کی ایصال ثواب کے لئے فاتحہ حوانی کی گئی دریں اثناء ڈی آئی جی مردان ہمراہ ڈی پی او و دیگر پولیس افسران شہدائے پولیس کے مزاروں پر گئے سلامی پیش کی، پھول چڑھائے اور شہداء کے ورثاء اور بچوں سے ملیں شہداء کے بچوں میں تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنے کی خاطر پولیس لائن میں فاطمید فاونڈیشن کے تعاون سے منعقدہ بلڈڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا اورخون کے عطیات دینے والے پولیس جوانان سے ملاقات کی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ دہشتگردعناصرکیساتھ فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس فورس کے شہداء ہمارے ہیروہیں اورانکی قربانیوں کو ہمیشہ یادرکھا جائیگا۔ اپنے کل کو ہمارے آج پر قربان کرنے والے پولیس شہداء اور غازیوں پر ہمیں فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع مردان میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 108شہدائے پولیس نے اپنی جانوں کے نظرانے پیش کیے جبکہ 106غازی بھی شامل ہیں۔ شہداء پولیس کے لواحقین اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اُن کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات اُٹھائیں جائینگے۔