وزیراعلیٰ محمود خان کا پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال پر پابندی کا حکم

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبہ بھر میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے اور تمام ضلعی انتظامیہ کو فیصلے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اور واضح کیا ہے کہ اس سلسلے میں مزید کسی نرمی یا رعایت کی گنجائش موجود نہیں ہے۔ انہوں نے صوبے میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کو روکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔انہوں نے خصوصی طور پرعید الاضحی کے دوران صفائی ستھرائی کے لئے متعلقہ اداروں کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے جبکہ عید سادگی سے منانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ کورونا وبا کے پھیلاو ،ْکے ممکنہ خطرات سے بچا جا سکے۔ہم موثر اقدامات اور عوام کے تعاون سے کورونا وبا کے وسیع پیمانے پر پھیلاو کوروکنے میں کافی حد تک کامیاب رہے ہیں تاہم اس سلسلے میں ہم کسی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں صوبائی وزرا،وزیر اعلیٰ کے مشیرومعاونین خصوصی کے ساتھ ساتھ چیف سیکرٹری و انتظامی سیکرٹریز نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں 6 ایجنڈا آئٹمز اور 12 ایڈیشنل ایجنڈا آئٹمز زیر بحث آئے اور اہم فیصلے کیے گئے وزیراعلیٰ نے منتخب عوامی نمائندوں کو خصوصی طور پرہدایت کی کہ وہ عید کے دوران سادگی کا مظاہرہ کریں اور اپنے حجروں میں بیٹھنے سے گریز کریں تاکہ لوگوں کا رش جمع نہ ہو۔ہم سب نے کورونا وائرس کے پھیلاو کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ محمود خان نے کورونا وبا کی وجہ سے متاثر ہونے والی عوامی فلاح کی سرگرمیوں پر دوبارہ توجہ مرکوز کرنے خصوصی طور پر مالی امور سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ریونیو دربار دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت کی تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ہم نے ایک طرف وبا کے پھیلاوکو روکنا ہے تو دوسری طرف عوام کو درپیش مسائل کا ازالہ بھی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے ضم شدہ قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں کے لئے اعلان شدہ امدادی گرانٹ کا اجراء یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی کابینہ کے اراکین کو صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اور کہا ہے کہ تمام صوبائی محکموں سے کم از کم ایڈیشنل سیکرٹری کی سطح کا ایک افسر بھی بمعہ مطلوبہ معلومات اسمبلی اجلاس میں موجود ہونا چاہئیے۔محمود خان نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد میں شوگر کے مریضوں کی بینائی چلی جانے کے واقع کی آزادانہ اور شفاف انکوائری کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرے گی۔