خیبرپختونخوا حکومت اور فیس بک کا آگاہی مہم کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق

پشاور : خیبرپختونخوا حکومت اور سوشل میڈیا ایپلیکیشن فیس بک نے صوبے میں آگاہی مہمات کے لیے مشترکہ کاوشیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ فیس بک کورونا وائرس، انسداد پولیو اور صفائی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پھیلانے میں مدد فراہم کرے گا۔ اس امر کا اعلان خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور معاون خصوصی برائے بلدیات و اطلاعات کامران خان بنگش کے فیس بک انتظامیہ کے ساتھ وڈیو لنک اجلاس کے موقع پر کیا گیا۔اجلاس میں فیس بک ایشیا سنگاپور کے عہدیداران شریک ہوئے جن میں گورنمنٹ اینڈ پولیٹکس مینجر گولین زوہو، پالیسی ہیڈ فار پاکستان ساریم عزیز، سحر طارق، سمارٹلی اور شیٹرلاک کے نمائندے شریک تھے۔اس موقع پر کورونا وباء کے دوران خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے فیس بک پر چلائی گئی آگاہی مہمات کا جائزہ اور ان کی رسائی اور اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیس بک انتظامیہ نے کورونا وباء کے دوران عوامی آگاہی کے لئے اٹھائے گئے خیبرپختونخوا حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل لیٹریسی میں اضافے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات اٹھائے جائیں گے۔