پی ٹی اے نے موبائل ایپ بیگو پر بھی عائد پابندی ختم کر دی

اسلام آباد : پی ٹی اے نے مشہور موبائل ایپ بیگو پر بھی عائد پابندی ختم کر دی، کمپنی کے حکام کی جانب سے تسلی بخش جواب ملنے کے بعد موبائل ایپ کو پاکستان میں دوبارہ سے آپریٹ کرنے کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی مشہور موبائل ایپ بیگو پر عائد کی گئی پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیر اخلاقی مواد کے پھیلاو کی شکایات موصول ہونےکے بعد بیگو ایپ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ کمپنی کو ہدایت کی گئی تھی کہ اپنے فلٹرز بہتر بنائے تاکہ پاکستان میں غیر اخلاقی مواد کے پھیلاو کو روکا جا سکے۔

تاہم کمپنی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا تھا جس کے بعد ایپ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اب بیگو ایپ کمپنی کے حکام کی جانب سے پی ٹی اے کے تمام تحفظات پر تسلی بخش جواب دیا گیا ہے، جس کے بعد ایپ پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔ دوسری جانب پی ٹی اے نے پب جی گیم پر بھی عائد پابندی ختم کر دی۔ پی ٹی اے حکام نے ٹویٹر پیغام میں بتایا ہے کہ پب جی گیم کی انتظامیہ نے پی ٹی اے کے تحفظات دور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ ادارے نے گیم کی انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا جس کے بعد ادارے کو یقین دلایا گیا ہے ان تحفظات کو دور کیا جائے گا۔پی ٹی اے کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد پب جی پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔