پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے ڈاکٹرعارف علوی کے خطاب کی تیاریوں کا آغاز

اسلام آباد : قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے، پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اگست کے تیسرے ہفتہ میں متوقع ہے۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ذرائع کے مطابق موجودہ اسمبلی اپنا پہلا پارلیمانی سال مکمل کرچکی ہے۔ دوسرے پارلیمانی سال کے آغاز 14 اگست سے ہوگا۔ آئین کے مطابق ہر پارلیمانی سال کا آغاز صدر مملکت پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سے کرتے ہیں جس میں وہ پارلیمنٹ کو اپنے خطاب کے ذریعے پورے پارلیمانی سال کے لئے گائیڈ لائن فراہم کرتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی سیکریٹریٹ نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ مہمانوں کی فہرستیں مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی سمیت دیگر امور کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 14اگست کے بعد کسی وقت بھی منعقد ہوسکتا ہے۔ توقع ہے کہ اگست کے تیسرے ہفتہ میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت خطاب کریں گے۔