ملک بھرکے چند مقامات پر بارش کا امکان

اسلام آباد:  فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے نیا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کے نئے سسٹم کے نتیجے میں 25 سے 27 جولائی کے درمیان بڑے دریاﺅں میں کہیں اونچے اور کہیں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا خدشہ ہے، برساتی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے جبکہ نشیبی علاقے زیرِ آب آ سکتے ہیں‘سسٹم 24 جولائی کی شام بڑے دریاﺅں پر بھی اثر انداز ہو گا، جس کے بعد ان دریاﺅں میں 25 سے 27 جولائی کے درمیان اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے.فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق منگلا کے بالائی حصے پر اونچے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے، ان علاقوں میں انتہائی غیر معمولی صورت حال کا سامنا ہو سکتا ہے جبکہ دریائے چناب میں مرالہ اور زیریں علاقوں میں اونچے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آ سکتا ہے. دریائے سندھ میں بھی تربیلا کے مقام پر درمیانے اور اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ منڈلانے لگا ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے اور اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے.فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کا مزید کہنا ہے کہ برساتی نالوں میں بھی پانی کی سطح اونچے درجے سے تجاوز کر سکتی ہے، برساتی نالے بین، بسنتر، کیتھر، ڈیک، پلکھو، ایک اور بھمبھر میں طغیانی کا خطرہ ہے. فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے تمام متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ سیلابی صورت حال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں‘واضح رہے کہ اس سے قبل 12 جولائی کو بھی ایسا ہی الرٹ جاری کیا گیا تھا.محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج پشاور، کوہاٹ، کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، میرپور خاص، حیدر آباد، ہزارہ، لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے. مظفر آباد شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے کے ساتھ کبھی تیز اور کبھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ ملک کے اکثر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔