باجوڑ ماموند میں 23 سالہ دشمنی دوستی میں بدل گئی

باجوڑ:باجوڑ ماموند میں 23 سالہ دشمنی کا خاتمہ، گزشتہ دن باجوڑ تحصیل واڑہ ماموند کے دو فریقین ملک عزیز خان سکنہ بدان واڑہ ماموندملک یار زمان سکنہ ملاسید تحصل سلارزئی کے درمیان گزشتہ 23 سال سے خونی دشمنی چلی آرہی تھی جسمیں دو قیمتی جانوں کا ضیاع ہوچکاہے۔ فریقین کے مابین عمائدین علاقہ ، باجوڑ پولیس اور علماء کرام کی باہمی کو ششوں سے جاری دشمنی دوستی میں بدل گئ۔اس موقع پر علاقہ مشران نے مصلحت کے اس عمل کو سراہا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیلدار وکیل خان ، سابقہ سینیٹر مولانا عبدالرشید ، گل کریم خان سالارزئی ، ملک محمد زمان خان ، ملک شاہین اور دیگر نےکہا کہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں، اور اگر اہل ایمان میں سے دو گروہ آپس میں لڑجائیں تو ان کے درمیان صلح کرا دو یہ بڑی نیکی والا کام ہے۔ انہوں کہاکہ یہ دور ترقی اور تعلیم کا ہے اس دور میں نئے ضم شدہ قبا ئلی اضلاع کے لوگوں کو بندوق کی بجائے قلم اٹھانا چاہئے ۔انہوں کہا کہ ہمیں بڑی خوشی ہوئی کہ اجڑے ہوئے رشتے آپس میں پھر سے بغلگیر ہوئے جس کی وجہ سےعلاقےمیں خوشی کی لہر چھاگئ ہے۔ضلعی پولیس سربراہ باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق کی جانب سےڈی ایس پی عبدالستار نےجرگہ میں خصوصی شرکت کی۔فریقین جرگہ ممبران ، عمائدین علاقہ ، علماء کرام اور باجوڑپولیس کی موجود گی میں ایک دوسرے کیساتھ بغلگیر ہوئے اور آئندہ کیلئے پر امن رہنے کا عہد کیا۔ڈی پی او نے عمائدین علاقہ ، جرگہ ممبران ، علماء کرام کی کوششون کی تعریف کی اور خصوصی پیغام میں کہا کہ باجوڑ پولیس ضلع میں جرائم کی بیخ کنی کرکے ضلع کوامن کا گہوارہ بنائیگی۔