محکمہ صحت میں بدعنوانی پر بالکل کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، تیمور جھگڑا

پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں ویکسینیشن کے عمل میں بہتری آئی ہے۔ محکمہ صحت کے سینئر افسران خود فیلڈ میں جائیں گے تو نظام میں مزید بہتری آئی گی۔ بدعنوان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے وڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ہے۔اس موقع پر سیکریٹری ہیلتھ سید امتیاز حسین شاہ، اسپیشل سیکریٹریز میاں عادل اقبال اور سید فاروق جمیل، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز خیبرپختونخوا ڈاکٹر نیاز محمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل صاحب گل، ہیلتھ ریفارمز یونٹ کے ڈاکٹر شاہد یونس، ای پی آئی ڈائریکٹرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبے میں ویکسینیشن کی صورت حال، بنیادی ہیلتھ کیئر اور اضلاع کی کارکردگی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا صوبے میں ویکسینیشن کے عمل میں بہتری آئی ہے اور کئی اضلاع میں 90 فیصد سے زائد کوریج کی گئی ہے جسے آئندہ ماہ 95 فیصد تک لے کر جائیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مجموعی طور پر ویکسینیشن کے عمل میں بہتری قابل ستائش ہے جو کہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود ہر ماہ اس میٹنگ کی صدارت کریں گے اور صورت حال کا جائزہ لیں گے۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ محکمہ صحت میں بدعنوانی پر بالکل کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور نچلی سطح پر موجود بدعنوان عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے ویکسینیٹرز کے کنٹریکٹس کی جلد سے جلد تجدید اور ان کے لیے ذاتی حفاظتی سامان کی فراہمی کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی۔ محکمہ صحت عملے کی حاضری کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر ضروری غیر حاضریاں ختم کی جائیں اور مانیٹرنگ سسٹم کو مزید بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ ڈی ایچ اوز خود تمام مراکز کا دورہ کریں۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ وہ جلد وزیرِ اعلیٰ کو محکمہ صحت کی کارکردگی بارے بریفنگ دیں گے جس میں اچھی کارکردگی کے حامل ڈی ایچ اوز کو شامل کیا جائے گا۔