خطے کی ترقی میں پاکستان چائنا کا اہم کردار ہے،ڈپٹی سپیکر قومی

کوئٹہ:چائنا پاکستان کی دوستی لازوال ہے، چین نے ہمیشہ مشکل حالات میں ہماری مدد کی ہے۔ سی پیک سے دونوں ہمسایہ اور برادر ملکوں کی دوستی اور مضبوط ہوجائے گی۔ خطے کی ترقی میں پاکستان چائنا کا اہم کردار ہے ۔ چائنا نے بہت کم عرصے میں اپنے ملک کے شہریوں کو غربت کی لکیر سے نکالا ہے، ہم بھی وہ پالیسیز لائیں گے جس سے معاشی حالات میں بہتری اور ملک ترقی کی طرف گامزن ہوجائے۔ان خیالات کااظہارڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے چین کے دورے کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ چین کی ترقی کی پالیسیز اپنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے بلوچستان ترقی کرے گا اور نوجوانوں کو روزگار ملے گا، ہماری حکومت نے بلوچستان کی ترقی کے لئے بجٹ میں نئے اسکیمات رکھی ہیں۔اس سے قبل ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری اور چین کے ڈپٹی سفیر ژاولی جئین نے کوئٹہ کے علاقے میاں غنڈی میں چینی حکومت کی مدد سے بننے والی سولر ٹیوب ویلز اور بلنہ ہوٹل میں بایزید خان کاسی کی جانب سے نئے تعمیر ہونے والے کاشغر ہال کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین شیخ جعفر خان مندوخیل، ڈاکٹر ناصر کاسی ، ذاکر حسین کاسی، ملک عالم زیب خان کاسی ، لیاقت آغا و دیگر بھی موجود تھے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ کوئٹہ میں صاف پانی کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کی مدد سے بننے والی پانچ سولر ٹیوب ویلز سے پانی کی فراہمی جلد شروع ہوگی جسے واسا کے مین پائپ لائن میں شامل کیا جائے گا اور ان پانچ ٹیوب ویلز کا کنٹرول واسا کے ایم ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے اس سے شہر کو پانی کے درپیش مسائل پر کافی حد تک قابو پالیا جائے گا۔اس موقع پر چائنا کے نائب سفیر ژاولی جیئن نے کہا کہ پاکستان ہمارا بہترین دوست ملک ہے میں پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھ رہا ہوں اور ہمارے مفادات کافی سارے مشترک ہیں، سی پیک میں بلوچستان کو زیادہ حصہ دیں گے اور بہت سارے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اور خاص کر بلوچستان کی ترقی پر سی پیک کے ذریعے خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ گوادر بندرگاہ سے خطہ معاشی حب تصور ہوگا۔ سوشو سیکٹر پروگرام کے ذریعے بلوچستان میں نئے منصوبے بھی شروع کئے جائیں گے ،ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستانی معیشت پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔