صوبائی حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں،ضیاء اللہ بنگش

پشاور: وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے خیبرپختونخوا کے دو نامور سائنسدانوں کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں بہترین خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ، سرٹیفکیٹس اور تین تین لاکھ روپے کے نقد کے انعامات دیے۔ سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ تقریب میں ضیاء اللہ خان بنگش نے ڈاکٹر محمد رضا شاہ اسسٹنٹ پروفیسر انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیلوجیکل سائنس کراچی کو سن 2019 کے بہترین سیائنٹسٹ ایوارڈ اور ڈاکٹر شاہ فہد اسسٹنٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر یونیورسٹی آف صوابی کو بہترین نوجوان تفتیش کار ایوارڈ دیا۔سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی مختیار احمد اور ڈائریکٹر سائنس و ٹیکنالوجی خالد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ ہم صوبائی سطح پر سائنسدانوں اور محققین کو جدید سہولیات اور مواقع فراہم کر رہے ہیں تاکہ نوجوان سائنسدان سائنس و ٹیکنالوجی کو استعمال میں لا کر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے اور عام عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پالیسی کی بدولت تمام دفاتر کے کام ڈیجیٹلائز اور پیپر لیس ہو رہے ہیں جن سے عوام کو سہولیات مل رہی ہیں۔ ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ سائنسدانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے کام کو سراہنے کی غرض سے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بذریعہ اشتہار پروپوزلز مانگے تھے جن کے لئے خیبر پختونخواکے 29 سائنسدانوں نے ایپلائی کیا تھا جب کہ پروپوزل کی سکروٹنی پاکستان ساینٹفک اینڈ ٹیکنالوجیکل انفارمیشن سنٹر نے کی تھی اور ان کی سیلیکشن کے مطابق ڈاکٹر محمد رضا شاہ اور ڈاکٹر شاہ فہد کو ایوارڈز دیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ایوارڈ دینے کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ اور مختلف سیکٹرز میں کام کرنے والے سائنسدانوں کی مزید حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی اور ان کی تحقیق اور کام کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پیش کیا جائے گا۔ مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا کہ صوبائی حکومت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پشاور اور ہری پور ڈیجیٹل کمپلیکس کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور یہ اضلاع ٹیکنالوجی ہب بن جائیں گے۔ جبکہ سکول کالج اور یونیورسٹی لیول پر بھی طلباء اساتذہ اور پروفیسرز کے لئے خصوصی پروگرام موجود ہیں جن کی بدولت ان کی سکلز میں مزید جدت لائی جا رہی ہے۔