ڈیرہ اسماعیل خان میں خود کش دھماکہ، 8افراد شہید

ڈیرہ اسماعیل خان:ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی ہے جبکہ ڈیری اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں خودکش دھماکے ہوا ہے۔ دونوں حملوں کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8افراد شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس چیک پوسٹ ڈیرہ کوٹلہ سیدان پر موٹر سائیکل سوار دہشت گرد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے اور اس کے بعد ہسپتال میں خود کش دھماکہ کیا گیا۔فائرنگ اور دھماکے کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں میں سے دو کی شناخت کی جا چکی ہے ، اہلکار جہانگیر کا تعلق اعجاز آباد مریالی جب کہ انعام کاتعلق کورائی سے ہے۔فائرنگ کے بعد شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے ٹراما سینٹرکے گیٹ پرخودکش دھماکا کر دیا گیا۔خودکش دھماکے کے نتیجے میں مزید 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔بڑی تعداد میں زخمیوں کے باعث کئی کئی زخمیوں کو کمبائن ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی ایم ایچ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 22 زخمی اور 5 لاشیں لائی گئی ہیں۔واقعے کے بعدہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد علاقے میں تعینات کردی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ٹراما سینٹر کے دروازے پر ہونے والا دھماکا خود کش ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب ذرائع نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکا خودکش تھا اور حملہ آور لڑکی تھی اور اس کی عمر کم و بیش 15 سال تھی۔