لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا کردار سب سے نمایاں ہے،محمود خان

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے موجودہ کوروناصورتحال سمیت کسی بھی ایمرجنسی میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے کردار اور خدمات کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر کے لوگوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں اس ادارے کا کردار سب سے نمایاں ہے۔ کورونا کے مریضوں کی بہتر علاج معالجے کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی تمام تر ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کی یقین دہانی کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کورونا ٹیسٹنگ لیبارٹر ی کے قیام کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کو پی سی آر مشین کی فراہمی کا بھی اعلان کیا ہے ۔ وہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے دی جانے والی بریفینگ کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور سیکرٹری ہیلتھ امتیاز حسین شاہ بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطالبے پر وزیر اعلیٰ نے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے ہسپتال کے طبی عملے کی عارضی رہائش کیلئے مناسب جگہ کی فوری فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں ضرور ی اقدامات اُٹھانے کی ہدایت کی ۔اس موقع پر ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے کورونا کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہسپتال میں کورونا کے مریضوں کیلئے پورا ایک کمپلیکس مختص کیا گیا ہے ۔ ہسپتال میں کورونا کیسز سے نمٹنے کیلئے 300 سے زائد عملے بشمول ڈاکٹرز ، نرسز ، پیرا میڈکس کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں جو تین مختلف شفٹوں میں 24 گھنٹے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے 80 بستروں پر مشتمل ہائی ڈیپنڈسی یونٹس، 80 سے زائد مریضوں کیلئے آئسولیشن یونٹ قائم کئے گئے ہیں جبکہ ہسپتال میں کورونا مریضوں کیلئے مجموعی طور پر ڈھائی سو کے قریب بستر مختص کئے گئے ہیں ۔ مزید بتایا گیا کہ ہسپتال میں 30 وینٹلیٹرز صرف کورونا مریضوں کیلئے مختص کئے گئے ہیں۔ہسپتال میں اس وقت کورونا کے کل 50 مریض داخل ہیں جن میں سے 15 آئی سی یو اور باقی 35ایچ ٹی یو میں زیر علاج ہیں۔اسی طرح ہسپتال میں اب تک کورونا ساڑھے پانچ سو کے قریب مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے ۔