وزیراعلیٰ محمودخان کی زیرصدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلا س

پشاور: صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلا س وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کورونا سے متعلق مختلف اٴْمور بشمول کیسز اور اموات کی تعداد، ٹیسٹنگ کی موجودہ استعدادکار، مختلف اضلاع میں جزوی لاک ڈائون کی صورتحال، احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کے علاوہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے میں جزوی لاک ڈائون کے مثبت اثرات اور ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں پر اس کے منفی اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مختلف تجاویز پر مشاورت کی گئی۔ صوبائی وزراء سلیم تیمور جھگڑا، شوکت یوسفزئی اور وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر ، کور کمانڈر پشاور لیفٹنینٹ جنرل نعمان محمود، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور آئی جی پی ثناء الله عباسی اورمتعلقہ انتظامی سیکر ٹریوں کے علاوہ متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں پہلے سے کھولے گئے کاروبار اور دوکانوں میں ایس او پیز پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کو سخت کرنے اور جن دوکانوں میں ان ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اٴْنہیں جرمانہ کرنے کی بجائے مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے مناسب اقدامات اٴْٹھانے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کسی بھی کاروبار کو کھلا رہنے کی اجازت جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد سے مشروط ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے نیشنل کوآرڈنیشن کمیٹی کے اگلے اجلاس میں وفاق اور دیگر صوبوں سے مشاورت کی جائے گی تاہم حتمی فیصلے صوبے کی مخصوص معروضی حالات کو سامنے رکھ کر کئے جائیں گے۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ کورونا وباء کی وجہ سے حکومت کو دو مشکل صورتحال کا سامنا ہے ایک طرف لوگوں کو اس وباء سے بچانے کیلئے جزوی لاک ڈائون لگانا پڑرہا ہے تو دوسری طرف لوگوں کو بھوک اور افلاس سے بچانے کیلئے چھوٹی موٹی معاشی سرگرمیوں کو بھی جاری رکھنا ہے جس کے لئے حکومت کو دونوں صورتوں کے درمیان ایک مشکل توازن کو برقرار رکھنا پڑرہا ہے۔اٴْنہوں نے کہاکہ حکومت جو بھی فیصلے لے رہی ہے وہ صرف اور صرف اپنی عوام کے تحفظ اور اٴْن کی بھلائی کیلئے لے رہی ہے ، عوام کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔ کورونا صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے سول انتظامیہ کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس حوالے سے سول انتظامیہ اور پاک فوج کے درمیان مثالی روابط اور ہم آہنگی قائم ہے اور انشاء الله ہم سب مل کر اس صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہوں گے۔