مردان،سکول اساتذہ مساجد میں تراویح اورنماز باجماعت کی نگرانی کریں گے،ڈپٹی کمشنر کا حکم نامہ جاری

مردان: ڈپٹی کمشنر محمد عابد خان وزیر نے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں تراویح اورنماز باجماعت کےدوران کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت خیبر پختونخوا اور علمائے کرام کے مابین متفقہ 20نکات پرعملدرآمد کیلئے ضلع بھر کےاساتذہ کرام کی ڈیوٹی لگانےکا حکم نامہ جاری کردیا ۔تمام کیڈر کے اساتذہ اپنے آبائی علاقوں یا جس علاقے میں ڈیوٹی سرانجام دےرہےہیں میں مساجد میں 20نکاتی ایجنڈےپر عملدرآمد کیلئے ماموررہیں گے۔روزانہ کی بنیاد پراستادخود ایک مسجد میں موجود ہوگا، اورروزانہ کی بنیاد پرمناسب معاشرتی فاصلہ پرقرار رکھنے کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریگا۔جہاں کہیں خلاف ورزی ہورہی ہومتعلقہ استاد تحصیل لیول کی کمیٹی کو رپورٹ کریگا جہاں سے مذید کاروائی کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو رپورٹ دی جائیگی۔ضلع انتظامیہ کے افسران، تحصیلدار و نیب تحصیلداران ،محکمہ بلدیات کےاہلکاران محکمہ پولیس کے تعاون سے ان تمام کی نگرانی کریں گے۔تمام اساتذہ روزانہ کی بنیاد پر پروگریس رپورٹ متعلقہ تحصیل کمیٹی کو بھجوائینگےجہاں سے ضلعی انتظامیہ کو بھجوائی جائیگی۔