وفاقی وزیر زبیدہ جلال کا نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن این آر ٹی سی ہری پور کا دورہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن این آر ٹی سی ہری پور کا دورہ کیا۔ این آر ٹی سی ہری پور کے دورے کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے وزراء کا استقبال کیا اور این آر ٹی سی کی پروفیشنل ورکنگ پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے پھیلاؤ کے ماحول میں این آر ٹی سی نے قومی جدوجہد پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ رضاکاروں کی انتہائی پرعزم ٹیم بنائی گئی ہے جنہوں نے ریسرچ اور سروے سے ضروری تجربہ حاصل کیا۔ ٹیم نے 18 دنوں میں اب تک 109 وینٹیلیٹرز مفت میں مرمت کئے۔ یہ وینٹیلیٹرز ملک بھر کے مختلف ہسپتالوں میں استعمال میں آ چکے ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ مرمت کا کام دیگر اہم پہلوؤں کو نظر انداز کئے بغیر انجام دیا گیا۔ این آر ٹی سی آئی ٹی کی عالمی معیار کی مصنوعات کے لئے جانا جاتا ہے۔ بریفنگ کے بعد وزرائ نے ریسرچ فیسلٹیز اور پروڈکشن لائن کا دورہ بھی کیا۔ دونوں وزراء نے ریسرچ کے کام اور این آر ٹی سی کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے دہرایا کہ این آر ٹی سی دیگر انڈسٹریز کیلئے مثال ہے، اس کی استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔